پی سی بی کا پہلی بار خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا اعلان

08-16-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلی بار خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے کا اعلان کردیا، مجموعی طور پر 74 خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ ملیں گے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ ہم نے خواتین کرکٹ کی ترقی کے سلسلے میں  تاریخی قدم اٹھایا ہے، اپنی محنت اور ٹیلنٹ کی بدولت کنٹریکٹ حاصل کرنے والی خواتین کرکٹرز کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ ویمنز کرکٹ کی ہیڈ تانیہ ملک نے کہا کہ 74  بہترین خواتین کرکٹرز کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے ان خواتین کرکٹرز کو7 مختلف اکیڈمیوں میں ٹریننگ کی سہولتیں بھی میسر ہوں گی، کنٹریکٹ حاصل کرنے والی خواتین کرکٹرز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور اور حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں ٹریننگ میں حصہ لے سکیں گی۔ اس کے علاوہ ملتان، پشاور، ایبٹ آباد، کوئٹہ اور بہاولپور میں بھی خواتین کرکٹرز کیلئے ٹریننگ کی سہولت موجود ہو گی، کنٹریکٹ حاصل کرنے والی خواتین کرکٹرز کو ماہانہ رقم کے علاوہ میچ فیس، ڈیلی الاؤنس اور انعامی رقم میں بھی حصہ ملے گا۔