شاہدرہ:منشیات فروشی کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، بھاری مقدار میں ممنوعہ اشیاء برآمد

08-16-2023

(لاہور نیوز) تھانہ شاہدرہ پولیس نے منشیات فروشی کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا،3 ملزموں سے منشیات، ڈرون اور 25 لاکھ کی نقدی برآمد کرلی گئی۔

لوئر مال سٹی ہیڈکوارٹرز میں اے ایس پی  شاہدرہ ایاز خان  نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ شاہدرہ پولیس نے منشیات فروشی کے بڑے نیٹ ورک کے 3 کارندوں کو گرفتار کر لیا،ملزموں کے قبضہ سے 900 گرام کرسٹل ہیروئن، کالے رنگ کا ڈرون اور 25 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان بارڈر ایریا اور اندرون شہر میں منشیات کی ترسیل کے لئے ڈرون کا استعمال کرتے تھے، ملزموں طاہر، وسیم اور عدیل کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں، ملزموں کا بین الصوبائی نیٹ ورک ہے، گرفتار ملزمان نے مزید گروہ کے کارندوں کا انکشاف کیا ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق شاہدرہ پولیس نے منشیات فروشوں کی خواہش پر پریس کانفرنس میں  چہروں پر ماسک پہنا کر کھڑا کیا،  قانون کے مطابق اگر ملزموں کا چہرہ چھپانا ہو تو کالا کپڑا ڈالا جاتا ہے، پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزموں کی شناخت چھپانے کیلئے چہرے کو کپڑے سے ڈھانپا جاتا ہے۔ ادھر ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ ملزموں کو ماسک پہنانے پر انکوائر ی کی جائے گی۔