مریضوں کی شکایت پر جنرل ہسپتال کے ڈاکٹر کی معطلی، وائے ڈی اے کی مذمت
08-16-2023
(لاہور نیوز) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے جنرل ہسپتال کے ہڈی وارڈ کے ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر میاں حنیف کی معطلی کے معاملے کی مذمت کرتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہفتہ کے روز لاہور جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ، اسی دوران انہوں نے آرتھو آپریشن تھیٹر کا بھی وزٹ کیا اور مریضوں کی شکایات سننے کے بعد ہڈی وارڈ کے ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر حنیف کو معطل کردیا۔ اس معاملے پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن جنرل ہسپتال کے صدر ڈاکٹر حسیب تھنڈ نے ایڈمن بلاک میں آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر حنیف کا کوئی متبادل نہیں ہے اور یہ پنجاب کا واحد ہسپتال ہے جہاں سپائن کی سرجری ہوتی ہے، پروفیسر ڈاکٹر حنیف کی معطلی سے سٹوڈنٹس اور ڈاکٹرز ایک شفیق استاد سے محروم ہوگئے ہیں۔ پریس کانفرنس میں موجود دیگر ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ سپائن سرجری مشکل مرحلہ ہے ، اس کا کیس لیٹ ہوتا ہے، ہم تمام پیرا میڈیکل سٹاف بھی اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔ صدر وائے ڈی اے ڈاکٹر حسیب نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حنیف کی معطلی کے معاملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دیں۔