مہنگائی نے سونے کی چمک دمک کو بھی گہنا دیا، سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ

08-16-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی نے سونے کی چمک دمک کو بھی گہنا دیا، عالمی منڈی میں سونا سستا ہونے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مسلسل مہنگا ہونے کا سلسلہ جاری ہے، ڈیڑھ سال میں سونا 92 ہزار350 روپے تولہ تک مہنگا ہوگیا۔

ڈالر کی قدر بڑھنے کے ساتھ ساتھ سونے کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں، اپریل2022 میں عالمی منڈی میں سونا 1925 ڈالرز فی اونس تھا جو 21 ڈالرز کمی کے بعد اگست2023 میں 1904 ڈالرز فی اونس کی سطح پر آگیا۔ مقامی صرافہ بازاروں میں اپریل 2022 میں  چوبیس قیراط سونا 1 لاکھ  30 ہزار950 روپے تولہ تھا جو مسلسل مہنگا ہو کر   اگست 2023 تک 2 لاکھ 23 ہزار300 روپے تولہ ہو گیا، اسی طرح  بائیس قیراط کا  سونا 1 لاکھ 20 ہزار روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 4 ہزار 650 روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ اکیس  قیراط سونے کے دام بھی 1 لاکھ 14 ہزار روپے سے بڑھ کر 1 لاکھ 95 ہزار 350 روپے  سے تجاوز کر گئے، اسی دورانیہ میں چاندی  کی قیمت 1525 روپے سے بڑھ کر 2770 روپے تولہ ہوگئی۔ ادھر آج بھی  پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 990 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 771 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 23 ہزار 800 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 91 ہزار 872 روپے ہوگئی۔ صرافہ اینڈ  جیولرز  کا مؤقف ہے کہ ڈالر  نے  ہر قسم کے  کاروبار کو  بری طرح متاثر کردیا ہے،  پاکستان کی صرافہ مارکیٹ   عدم استحکام  کاشکار ہے، ڈالر  نے عالمی منڈی میں سونے کی گرتی قیمتوں کے برعکس مقامی صرافہ بازاروں کو  سنسان کردیا ہے۔