پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، ٹرانسپورٹرز نے بھی کرائے بڑھا دیے

08-16-2023

(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ کر دیا، مہنگائی نے عوام کے لئے مشکلات مزید بڑھا دیں۔

غریب کے لئے ریلیف خواب بن  چکا ہے،  ڈیزل کی قیمت 20 روپے فی لٹر بڑھنے پر ٹرانسپورٹرز بھی میدان میں آ گئے، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں  میں 20 سے 30 فیصد اضافہ کردیا، لاری اڈے  سے دیگر شہروں کو جانے والے مسافر زائد کرایہ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 1800 سے بڑھا کر 2300 روپے مقرر کر دیا گیا، مظفر آباد کا کرایہ 2500 کے بجائے 2900 روپے  وصول کیا جا رہا ہے،  ڈیرہ اسماعیل خان کا کرایہ 2200 سے بڑھ کر 2500 روپے ہو گیا ہے، رجانہ کا کرایہ 800 سے بڑھا کر 1000 روپے کردیا گیا جبکہ شور کوٹ کا کرایہ 200 روپے اضافے کے ساتھ 1400 روپے ہو گیا۔ لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والے مسافروں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کررہے ہیں، یکطفرفہ کرائے میں 50  روپے سے 300 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔