پنجاب کے نڈر وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کو بچھڑے 8 سال بیت گئے
08-16-2023
(لاہور نیوز) جرات اور بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کو للکارنے والے پنجاب کے نڈر وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کو بچھڑے 8 سال بیت گئے۔
پنجاب کے نڈر وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ ضلع اٹک کی تحصیل حضرو کے ایک گاؤں شادی خان میں پیدا ہوئے۔ 1966 میں اسلامیہ کالج پشاورسے گریجویشن کے بعد1967 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا اور 71 کی پاک بھارت جنگ میں حصہ لیا، 1974 سے 78 تک بطور انسٹرکٹرخدمات انجام دیں۔ 1988 میں شجاع خانزادہ کو شاندار خدمات پر تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ ان چند افراد میں شامل تھے جو پہلی بار سیاچن گلیشئر تک پہنچے۔ 1992 سے 94 تک واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ میں بطور ملٹری اتاشی بھی فرائض نبھائے۔ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ نے سیاست میں قدم رکھا تو اس میں بھی خوب نام کمایا۔ 2002 سے 2007 تک رکن پنجاب اسمبلی رہے۔ 2014 میں وزیر داخلہ پنجاب کی حیثیت سے قلم دان سنبھالا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فعال کردار ادا کیا۔ آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا تو کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ نے اس پر عملدرآمد میں کوئی کسر باقی نہ رکھی۔ 16 اگست 2015 کو شجاع خانزادہ اٹک میں اپنے ڈیرے پر ہونے والے خودکش حملہ میں شہید ہو گئے۔