گورنرسٹیٹ بینک نے عالمی معیشت کو مہنگائی کی وجہ قراردیدیا

08-15-2023

(ویب ڈیسک)گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ عالمی معیشت دباو کا شکار ہوئی جس کے باعث پاکستان میں بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

گورنرسٹیٹ بینک جمیل احمد نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے گزشتہ 76 سال کے دوران مرکزی بینک کی غیرمعمولی کامیابیوں کا ذکر کیا، جن میں سب سے اہم پاکستانیوں کا اعتماد حاصل کرنا تھا۔ انہوں نے کہا  کہ  سٹیٹ بینک کی زرعی پالیسی کمیٹی اب ایک آزاد فورم ہے، جو مہنگائی کے وسط مدتی اہداف اور ملک کے معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے زری پالیسی کے بارے میں فیصلہ کرتی ہے۔ جمیل احمد کا مزید کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک سالانہ اور ششماہی رپورٹوں کے ذریعے پارلیمنٹ کو اپنے اہداف اور سرگرمیوں سے بھی باخبر رکھتا ہے، ماضی قریب میں عالمی معیشت دباؤ کا شکار رہی جس کے نتیجے میں پاکستان میں بھی مہنگائی بڑھی۔ سیلاب اور آئی ایم ایف پروگرام کے جائزے میں تاخیر کی وجہ سے یہ حالات مزید خراب ہوئے۔