ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے:نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ

08-15-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے اور مزید اقتصادی بہتری لائیں گے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت اجلاس میں مختلف وزارتوں کے اہم امور پر بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم کو اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریف کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی فلاحی منصوبے بلاتعطل جاری رہیں گے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات نگران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں، پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کیا جائے۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری کیلئے ڈی ریگولیشن اور ذمہ دار خودمختاری پر توجہ مرکوز کرے گی۔