صدر مملکت کی جانب سے اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کیلئے’’ ہلالِ امتیاز‘‘ کا اعلان
08-15-2023
(لاہور نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کیلئے’’ ہلالِ امتیاز‘‘ کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان میں غربت کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ کے لئے تاریخ ساز خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر امجد ثاقب کے لئے پاکستان کے دوسرے بڑے سول اعزاز ’’ ہلال امتیاز ‘‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اگلے سال 23 مارچ کو یوم پاکستان پر انہیں اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اخوت قرض حسنہ کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس سے پاکستان میں لاکھوں خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔ یہ ادارہ تعلیم کے فروغ کے لئے بھی سرگرم عمل ہے اور اس کے تحت پاکستان کی پہلی بغیر فیس یونیورسٹی کا قیام عمل میں لا یا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹر امجد ثاقب کو 2010 میں بھی ’’ ستارہ امتیاز ‘‘ سے نوازا جا چکا ہے۔