محسن نقوی کا ایل ڈی اے ون نڈو سیل کا دورہ، اوور سیز کی درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم

08-15-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا، شہریوں سے ملاقات کی اور درخواستوں پر پیشرفت بارے پوچھا۔

بعض شہریوں نے درخواستیں تاخیر سے نمٹانے کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے، محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو طلب کر کے شہریوں کی درخواستوں کو مقرر کردہ مدت میں نمٹانے کا حکم دیا اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی درخواستوں کو دس روز میں نمٹانے کا بھی حکم دیا، ون ونڈو سیل پر موجود شہریوں نے سہولیات بڑھانے اور درخواستوں پر فوری کارروائی کے حوالے سے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے ون ونڈو سیل میں ایف بی آر کاؤنٹر کے قیام کے لئے وفاقی حکومت سے بات کروں گا، بزرگ شہریوں کو این او سی ہر صورت ان کی رہائش گاہ پر ڈلیور کیا جائے، ون ونڈو سیل میں دو شفٹوں میں رات 9 بجے تک کام ہو رہا ہے، نقوی شہریوں کی سہولت کیلئے ون ونڈو سیل کے اوقات کار میں اضافہ کیا گیا ہے۔