محکمہ ریلوے کی جانب سے مسافروں کی سکیورٹی میں غفلت برتنے کا انکشاف
08-15-2023
(لاہور نیوز) محکمہ ریلوے کی جانب سے لاکھوں مسافروں کی سکیورٹی میں غفلت برتنے کا انکشاف ہوا ہے، ریلوے پولیس اور ریلوے انتظامیہ ریلوے اسٹیشنز پر بھی سکیورٹی دینے میں ناکام ہو گئی۔
ریلوے انتظامیہ اور ریلوے پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث لاہور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں اور سامان کی چیکنگ اور مانیٹرنگ کے لیے کوئی خاطر خواہ نظام ہی موجود نہیں ہے، لاہور ریلوے سٹیشن پر لگے 47 میں سے 30 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ باقی ماندہ کیمروں کا رزلٹ بھی قابل تعریف نہیں۔ زرائع کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن کے مختلف پلیٹ فارمز پر لگے کیمرے خراب ہونے سے سکیورٹی عملہ بھی پریشان ہے، ریلوے اسٹیشن کنٹرول روم کی جانب سے ریلوے پولیس حکام کو کیمروں کی خرابی کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کا سامان چیک کرنے کے لیے لگایا گیا لگیج سکینر 5 سال سے خراب ہے، لگیج سکینر کی رپئیرنگ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے جاسکے، لگیج سکینر نہ ہونے کے باعث مسافروں کے سامان کی چیکنگ کا کوئی نظام ہی موجود نہیں ہے۔ محکمہ کی جانب سے سکیورٹی آلات کی مرمت پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے دعوے تو کیے جاتے ہیں مگر عوام کی سکیورٹی نامکمل ہے، متعدد بار کیمرے تبدیلی اور مرمت کیلئے اخراجات کا تخمینہ لگوانے کے باوجود تاحال کیمرے خراب پڑے ہیں۔