پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت میں ٹرین کا سفر بھی مہنگائی کی پٹڑی پر چڑھا رہا
08-15-2023
(لاہور نیوز) پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت میں ٹرین کا سفر بھی مہنگائی کی پٹڑی پر چڑھا رہا۔ ریلوے کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔
پی ڈی ایم حکومت کے 16ماہ میں ٹرین کا سفر بھی عوام کے لئے مشکل رہا۔ ریلوے کرایوں میں مجموعی طور پر 51 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق ریلوے فریٹ، لگیج کرایہ مجموعی طور پر 50 فیصد سے زائد بڑھایا گیا۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ریلوے کرائے متاثر ہوتے رہے۔ 17 جون 2022ء کو مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا۔ریلوے فریٹ کے کرائے 15 فیصد بڑھائے گئے۔ ایک ہفتہ بعد ہی کرایوں میں 5 فیصد اور فریٹ میں 10 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔ 2 اکتوبر 2022ء کو مسافر کرایوں میں23 فیصد اضافہ کیا گیا۔11 نومبر2022ء کو لگیج کرائے 15 فیصد بڑھا دئیے گئے۔ یکم فروری 2023ء کو مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 8 فیصد اضافہ ہوا۔ ریلوے کرائے تو بڑھتے رہے مگر سہولتیں سکڑتی رہیں۔ ٹرینوں کی آمدوروانگی میں تاخیر بھی معمول بنی رہی۔