شاہینوں کیلئے خوشخبری، پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم سے متعلق بڑا اعلان

08-14-2023

(ویب ڈیسک) پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے قومی کرکٹرز کی سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم دوگنا کرنے کا اعلان کر دیا۔

لاہور قلندر ہائی پرفارمنس سینٹر میں جشن آزادی تقریب میں ذکا اشرف نے سابق کرکٹر سرفراز نواز کے ساتھ کیک کاٹا اور لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی تعریف کی۔اپنے خطاب میں ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم کو ڈبل کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ہم ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔ نئے فرسٹ کلاس سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹرز کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ دیے جا رہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کوزیادہ سے زیادہ آگے لانے کے لیے ویمن پلیئرز ڈویلپمنٹ پی سی بی بھی شروع کرنے جا رہا ہے، پی ایس ایل کی طرز پر ویمن لیگ بھی پلان کی جا رہی ہے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کے معاملات میں بہتری لائیں۔ ذکا اشرف کے مطابق ان کے پہلے دور میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی اور ایشیاء کپ جیتا تھا، اس بار بھی پوری امید ہے کہ ٹیم ایشیا کپ کی ٹرافی پاکستان لائے گی۔