یوم آزادی پر مختلف تعلیمی اداروں میں تقریبات، طلباء و طالبات کی شرکت

08-14-2023

(لاہور نیوز) یوم آزادی پر مختلف تعلیمی اداروں میں تقریبات ہوئیں جس میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد میں شرکت ہوئی۔

پنجاب یونیورسٹی میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے ایڈمن بلاک کے باہر پرچم کشائی کی اور کبوتر آزاد کئے۔ وائس چانسلر نے شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا۔ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں بھی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے پرچم کشائی کی۔ سکیورٹی گارڈز کے دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ طالبات نے ملی نغمے پیش کیے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں بھی پرچم کشائی کی خصوصی تقریب سجائی گئی۔ وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی نے یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا۔ میوزک سوسائٹی کے طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے۔ نیشنل کالج آف آرٹس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے پرچم کشائی کی اور شجرکاری کا بھی آغاز کیا۔ گورنمنٹ ایم اے او گریجویٹ کالج میں بھی یوم آزادی کی تقریب ہوئی۔ پرنسپل ڈاکٹر عالیہ رحمان خان نے فیکلٹی کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور کیک کاٹا۔ ضلعی سطح کے مضمون نویسی ، کوئز ، تقریری ، ملی نغموں اور پینٹنگ کے مقابلے بھی کروائے گئے۔ قائداعظم لائبریری باغ جناح جشن آزادی کے رنگوں میں رنگ گئی۔ لائبریری کے احاطہ میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب ہوئی، کیک بھی کاٹا گیا۔ ناصر اقبال ملک نے تحریک پاکستان، تاریخ پاکستان کی کتابوں کی نمائش کا افتتاح بھی کیا۔ تعلیمی بورڈ لاہور میں بھی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ سیکرٹری لاہور بورڈ بشریٰ بی بی نے پرچم کشائی کی ۔ تقریری اور کوئز مقابلوں میں پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز اور شیلڈز دی گئیں۔