یوم آزادی پر لاہور چیمبر آف کامرس میں پروقار تقریب
08-14-2023
(لاہور نیوز) یوم آزادی پر بزنس کمیونٹی بھی پوری قوم کے شانہ بشانہ ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یوم آزادی پر ہر طرف خوشیوں کی بہار آ گئی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بھی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر ظفر محمود چودھری نے کی۔ نائب صدر لاہور چیمبر عدنان خالد بٹ اور نائب صدر سارک چیمبر میاں انجم نثار کی خصوصی شرکت ہوئی۔ تقریب کے دوران پرچم کشائی کی گئی اور جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ قائم مقام صدر لاہور چیمبر آف کامرس ظفر محمود چودھری نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے۔ ہم سب نے مل کر ایک معاشرے کی بنیاد رکھنی ہے اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے۔ نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا کہ اب ہمیں معاشی آزادی کیلئے قربانیاں دینا ہوں گی۔ حکومت سٹیک ہولڈرز کو بھی معاشی پالیسیوں میں شامل کرے۔ تقریب میں چودھری خادم حسین، فریحہ ادریس، شیخ ابراہیم، باؤ محمد بشیر، میاں محمد علی اور شیخ آصف سمیت مختلف مارکیٹوں کے تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔