یوم آزادی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی حضوری باغ آمد، مزار اقبال پر حاضری
08-14-2023
(لاہور نیوز) پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی حضوری باغ آمد ہوئی جہاں انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی، محسن نقوی نے شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقید ت پیش کیا۔ محسن نقوی نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کی، پرچم کشائی سے قبل سائرن بجائے گئے، پرچم کشائی کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سکاؤٹس اور سکول کے بچوں و بچیوں کی جانب سے بینڈ پر ملی نغموں کی دھنیں بجانے کامظاہرہ دیکھا اوربچوں و بچیوں کی کارکردگی کو سراہا اوران سے شفقت کا اظہارکیا۔ امریکہ اور ایران کے قونصل جنرل، صوبائی وزراء منصور قادر،عامر میر، مشیران کنور دلشاد، وہاب ریاض، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہوراور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔