شہر میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف کریک ڈاؤن،51 سے زائد عمارتیں سربمہر

08-13-2023

(لاہور نیوز) شہر میں ناجائز تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا، منظور شدہ نقشوں کے برعکس زیر تعمیر 51 سے زائد عمارتیں سربمہر کردی گئیں، نقشے کی منظوری کے بغیر بننے والی عمارتوں کو گرائے جانے کا امکان ہے۔

غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈنگ انسپکٹرز اور تعمیرات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، داتا گنج بخش زون  میں میکلوڈ روڈ  پر دکانوں کے نیچے تہہ خانوں کی کھدائی روک دی گئی، محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے دکان مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔ انار کلی میں نقشہ منظور کروائے بغیر شروع کیے جانے والے کمرشل منصوبے پربھی تعمیر روک دی گئی، زیر تعمیر ایریا کو سربمہر کرنے کے بعد مالکان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا گیا۔ غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے صوبائی وزیربلدیات عامر میر کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات میں صرف مالکان نہیں بلکہ انکے سہولت کار بھی برابر کے شریک ہیں جن کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔