وزیراعلیٰ محسن نقوی کا جنرل ہسپتال کی حالت زار پر سخت برہمی کا اظہار

08-13-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جنرل ہسپتال کی حالت زار پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا، محسن نقوی نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات بھی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب جنرل ہسپتال اچانک دورے پر پہنچے تو ہسپتال کے اکثر وارڈز کے اے سی آج پھر بند تھے، تیماردار اپنے مریضوں کو ہاتھ والے پنکھے سے ہوا دینے پر مجبور نظر آئے، واش رومز کی ابتر صورتحال، ناقص صفائی پر مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال کی حالت زار پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ  ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری ہیلتھ، پرنسپل اور ایم ایس کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود اے سی ٹھیک نہیں کئے گئے، مریضوں کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔