شہبازشریف کی انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بننے پر مبارکباد

08-13-2023

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان سے نگران وزیراعظم کا انتخاب خوش آئند ہے، آئینی طریقہ کار پر چلتے ہوئے ایک اچھے نام پر اتفاق ہوا، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت میں مدد کی، انوارالحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے اور محب وطن شخصیت ہیں، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کی طرف سے انوارالحق کاکڑ کے نام پر اعتماد ہمارے درست انتخاب کی علامت ہے ، امید ہے کہ وہ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 16 ماہ میں ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو جس معاشی استحکام سے ہمکنار کیا امید ہے اس کا تسلسل جاری رہے گا، ترقی، تعمیر اور معاشی بہتری کا تسلسل یقینی بنانا پاکستان اور عوام کی بہتری کے لئے ضروری ہے، دعا گو ہوں کہ نگران وزیراعظم اور ان کی کابینہ عوام اور آئین کی توقعات پر پورا اتریں۔