لاہور سمیت ملک بھر میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر

08-13-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں 76ویں یوم آزادی کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں اور جشن آزادی سے پہلے ہی ہر گلی، محلے میں جیسے سبز ہلالی پرچموں کی بہار آئی ہوئی ہے۔

یوم آزادی سے پہلے ہی لوگوں کی بڑی تعداد کو پرچم اور جھنڈیوں کی خریداری کرتے ہوئے دیکھا جارہا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں جشن آزادی کے حوالے سے قومی پرچم، جھنڈیوں ، بیجز اور دیگر آرائشی اشیاء کی فروخت کے لیے سینکڑوں عارضی اسٹال لگائے گئے ہیں، جہاں سے شہری جشن آزادی منانے کے لیے مختلف آرائشی چیزیں خرید رہے ہیں۔ چھوٹے بچوں کیلئے جشن آزادی کی مناسبت سے لباس اور نوجوانوں کیلئے شرٹس بھی ان سٹالز سے خریدی جا رہی ہیں، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ چکی ہے دکانوں گھروں اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ نوجوانوں نے اپنی اپنی موٹر سائیکلوں اور کاروں کو بھی قومی پرچم سے سجایا ہوا ہے۔ ہر شخص جشن آزادی کو لے کر انتہائی پرجوش دکھائی دیتاہے اور یوم آزادی کی خوشیاں منانے کی بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں، مہنگائی کے باوجود شہریوں میں جشن آزادی منانے کے حوالے سے جوش وخروش میں کوئی کمی نظر نہیں آتی۔ ادھر جشن آزادی کے موقع پر منچلوں نے بھی مختلف پلانز بنا رکھے ہیں جبکہ پولیس بھی ون ویلرز اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا عندیہ دے چکی ہے، یوم آزادی کے موقع پر ہلڑ بازوں کو نکیل ڈالنے کے لیے 2400 سے زائد ٹریفک اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ دوسری جانب  پابندی کے باوجود باجے کی سرعام فروخت جاری ہے، ضعلی انتظامیہ کی جانب سے باجے کی روک تھام کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں اپنائی گئی، دن رات باجے کی آوازوں نے شہریوں کے ناک میں دم کر رکھا ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر باجے کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جائے۔