ون ڈے رینکنگ: پاکستان کا نمبر ون پوزیشن پر پہنچنے کا امکان

08-13-2023

(ویب ڈیسک) ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن لینے کیلئے پاکستان کا سنہری موقع آن پہنچا ہے جبکہ گرین شرٹس افغانستان کے خلاف سیریز میں کلین سویپ سے بالادستی قائم کر سکتے ہیں۔

پاکستان کو آنے والے 2 انتہائی اہم ایونٹس ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے قبل ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کا نادر موقع میسر آگیا ،البتہ اس کیلئے ٹیم کو آنے والی سیریز میں افغانستان کو تمام میچز میں زیر کرنا ہوگا۔ اس وقت ایک روزہ رینکنگ کے ٹاپ پر موجود آسٹریلوی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 118 ہے، اس کے بعد پاکستان 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے۔ بھارتی ٹیم 115 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان اور بھارتی ٹیم کا 2 ستمبر کو ایشیا کپ میں مقابلہ ہوگا۔ کینگروز نے اپنی حکمرانی قائم کر رکھی ہے لیکن صرف 2 پوائنٹس کی دوری پر موجود گرین شرٹس بھی اونچی اڑان کیلئے تیار ہیں، ان کی اگلی آزمائش سری لنکا میں 22 سے 26 اگست تک شیڈول 3 ون ڈے میچز کی سیریز ہے، اگر پاکستان ٹیم اس سیریز میں کلین سویپ کرے تو پھر نمبر ون پوزیشن سنبھال لے گی،البتہ اگر گرین شرٹس کسی اپ سیٹ کا شکار ہوئے تو پھر بھارت کی جگہ تیسرے نمبر پر جانا پڑجائے گا، ٹیم کے 111 پوائنٹس باقی بچ جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اگر افغان سائیڈ کے خلاف کلین سویپ کرنے میں کامیاب رہی تو نہ صرف اسے نمبر ون پوزیشن حاصل ہوجائے گی بلکہ رواں ماہ شروع ہونے والے ایشیا کپ اور اکتوبر،نومبر میں بھارت میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے بھی حوصلے انتہائی بلند ہوجائیں گے۔ موجودہ رینکنگ میں نیوزی لینڈ چوتھے اور انگلینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور افغانستان چھٹے درجے پر ہیں، سری لنکا نویں اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہے۔