سکیورٹی خدشات : نامزد نگران وزیراعظم منسٹرزانکلیو سے پنجاب ہاؤس منتقل

08-13-2023

(ویب ڈیسک) ملک کے آٹھویں نامزد نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ منسٹرزانکلیو سے پنجاب ہاؤس منتقل ہوگئے۔

نگران وزیراعظم کو سکیورٹی وجوہات کے باعث پنجاب ہاؤس منتقل کیا گیا، تاہم وہ وزیراعظم ہاؤس خالی ہونے تک پنجاب ہاؤس میں ہی رہیں گے اور حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم ہاؤس منتقل ہوں گے۔ خیال رہے کہ 12 اگست 2023 کو وزیراعظم شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر راجاریاض نے اتفاق رائے کے بعد انوارالحق کاکڑ کا بطور نگران وزیراعظم نام فائنل کیا تھا۔ جس کے بعد صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت انوارالحق کاکڑ کی بطور آٹھویں نگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دی۔