قومی ہاکی ٹیم کے کپتان کا بھارت سے ہار کا بدلہ لینے کا اعلان

08-12-2023

(ویب ڈیسک)قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نےاعلان کیا ہے کہ بھارت سے شکست کا بدلہ ایشین گیمز میں لیں گے۔

اپنے ایک بیان میں عمر بھٹہ کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کس فارمیشن سے کھیلتی ہے؟ اس کا پہلے سے اندازہ نہیں تھا، اپنی سرزمین پر ہر ٹیم کا کھیلنے کا مورال زیادہ ہوتاہے۔ چار میں سے بھارت نے ہمیں تین گول پنالٹی پش پر کیے۔ اب ان کے پلان کا اندازہ ہوگیاہے کہ وہ کس طرح کھیلتےہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں بھارتی ٹیم پاکستان کے ہی گروپ میں ہے اور یقین ہے کہ وہاں ان کو ٹف ٹائم دینے میں کامیاب رہیں گے۔ بھارت آنے سے پہلے بہترین فلکر ارباز انجری کا شکار ہوگئے، ہمارے پاس واحد آپشن سفیان ہی رہ گیاتھا،ارباز کے آنے سے کمبی نیشن بہتر ہوجائے گا، اگر اس کے ساتھ چند سینئر لڑکے بھی ٹیم کا حصہ بن جائے تو پھر بہت فرق پڑسکتاہے۔ عمر بھٹہ کا مزید کہنا تھاکہ سیمی فائنل سے باہر ہونے کا پوری ٹیم کو بہت دکھ ہے، ہمیں زیادہ بہتر رزلٹ دینا چاہیے تھا، ہر لڑکے نے سو فیصد کارکردگی دکھائی، زیادہ تر لڑکے تو پہلی بار سینئر ٹیم کی طرف سے کھیل رہے تھے۔ جتنے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کو ملیں گے اتنا ہی پرفارمنس کا معیار بہتر ہوگا۔