شگاف پڑنے کے واقعات کی روک تھام، واسا کی بھیجی گئی سمری پر پنجاب حکومت کا اعتراض

08-12-2023

(لاہور نیوز) شہر کی مرکزی شاہراہ پر شگاف پڑنے کے واقعات کی روک تھام سے متعلق واسا کی بھیجی گئی سمری پر پنجاب حکومت نے اعتراض لگا دیا۔

شہر میں 20 مرکزی شاہراہوں پر شگاف پڑنے کے واقعات ہوئے۔ واسا نے 20 مرکزی لائنوں کی تبدیلی کی استدعا کی۔ پنجاب حکومت نے واسا کو تمام لائنوں کی تبدیلی سے روک دیا۔ حکومت نے ترجیحی لائنوں کی تبدیلی کی سمری بھیجنے کی ہدایت کی۔ واسا کی جانب سے ازسرنو سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔ واسا نے بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے لئے 6 ارب 55 کروڑ 77 لاکھ 45 ہزار روپے کی استدعا کر دی۔ شہر لاہور میں 20 سے زیادہ مرکزی سیوریج لائنوں کو خطرناک قرار دیا تھا تاہم واسا نے ترجیحی بنیادوں پر رواں مالی سال میں 20 کے بجائے 8 سیوریج لائنوں کی تبدیلی کی استدعا کر دی۔ 20سیوریج لائنوں کی تبدیلی کا کام 3 سال کے عرصے میں مکمل کرنے کی استدعا کی گئی۔ ستوکتلہ سے اکبر شہید چوک، ایل ایم پی بلاک ڈسپوزل سٹیشن کی لائن کو فی الفور تبدیل کرنے کی اپیل کی گئی۔ گرین ٹاؤن میں عظمت چوک سے حسن بسری روڈ تک سیوریج لائن کو خطرناک قرار دیا گیا۔ فیصل ٹاؤن گول چکر سے نکلنے والی سیوریج لائن کو تبدیل کرنے کی استدعا کی گئی۔ امین پارک سے مین آؤٹ فال روڈ ، کلیار اور خدا بخش روڈ گلشن راوی کی لائنوں کے لئے فنڈز کی استدعا کی۔ واسا نے پنجاب حکومت سے رواں مالی سال میں 5 ارب 26 کروڑ 26 لاکھ روپے کے فنڈز کی استدعا کر دی۔