نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے منشیات فروشی کے سدباب کا پلان طلب کر لیا

08-12-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نشے کے عادی افراد کی بحالی اور منشیات فروشی کے سدباب کا پائیدار پلان طلب کر لیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نشے کے عادی افراد کی بحالی اور منشیات فروشی کے سدباب کا پائیدار پلان طلب کر لیا گیا۔ نشہ آور اشیا بیچنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا گیا۔ نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لئے خصوصی سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ ایسے افراد کو قیام و طعام اور علاج کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ محکمہ صحت نشے کے عادی افراد کی مستقل بحالی کے لئے ڈاکٹر، طبی عملہ اور ادویات فراہم کرے گا۔ محکمہ سوشل ویلفیئر قیام و طعام اور دیگر انتظامات کرے گا۔ پولیس نشے کے عادی افراد کی نقل وحرکت محدود بنائے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ کی رائیونڈ روڈ پر منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے خصوصی سنٹر کو فوری فنکشنل کرنے کی ہدایت بھی سامنے آئی۔ شامکے بھٹیاں میں بھی منشیات سے بحالی کا مرکز قائم کرنے پر غور کیا گیا۔  وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ سکولوں اور کالجز میں منشیات فروشی کو ہر قیمت پر روکا جائے۔ انہوں نے کہا منشیات سپلائی کرنے والے بڑے مافیا کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ انسدادِ منشیات کے مشن کو سنجیدگی سے لینا ہو گا۔ اے این ایف اور دیگر اداروں کے اشتراک سے منشیات کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔