ڈپٹی کمشنر لاہور نے جشن آزادی تقریبات کا شیڈول جاری کر دیا

08-12-2023

(لاہور نیوز) لاہور میں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریبات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے جشن آزادی تقریبات کا شیڈول جاری کر دیا۔

رافعہ حیدر کہتی ہیں کہ جشن آزادی تقریبات میں پرچم کشائی، عمارتوں کا سجاوٹی مقابلہ اور بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا۔ جشن آزادی سائیکل ریس، موٹر سائیکل و کار شو فیملی گالا اور شام موسیقی بھی ہو گی۔ تقریری مقابلہ، مصوری کی نمائش اور خواتین کی“تعمیر پاکستان‘‘  کانفرنس بھی ہو گی۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ فیملیز کے لیے خصوصی طور پر لبرٹی مارکیٹ میں فیملی گالا منعقد کیا جارہا ہے۔ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب کو شایان شان آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا۔ 14 اگست کی شام فٹبال سٹیڈیم میں شاندار شام موسیقی منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا عوام سے گزارش ہے کہ تقریبات میں شامل ہونے کے لیے وقت سے پہلے تشریف لائیں۔ جشن آزادی ملی جوش و جذبہ سے منائیں، باہمی عزت و تکریم کا خیال رکھیں۔ جشن آزادی تقریبات کا سلسلہ آج سے شروع ہو کر 14 اگست تک جاری رہے گا۔