چینی کی قیمتوں کو بریک نہ لگ سکی
08-12-2023
(لاہور نیوز) چینی کی قیمتوں کو بریک نہ لگ سکی۔ ایک ہفتے میں چینی کی سو کلو والی بوری 800 روپے مزید مہنگی ہونے کے بعد 14 ہزار 400 کی ہو گئی۔
چینی کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ گزشتہ ماہ چینی کی فی کلو قیمت میں 50 روپے کا اضافہ بھی قیمتوں کو بریک نہ لگا سکا۔ ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں مزید 13 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ تھوک مارکیٹ میں فی کلو چینی کی قیمت 13 روپے بڑھ کر 148 روپے ہو گئی۔ پرچون کی دکانوں پر فی کلو چینی 160 سے بڑھ کر 170 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی۔ رواں ہفتے چینی کی سو کلو والی بوری کا ایکس مل ریٹ 800 روپے مزید اضافے کے بعد 14 ہزار 400 ہو گیا۔ ہول سیلرز کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں چینی 91 روپے کلو تھی۔ قیمتوں میں اضافہ ضرورت سے زیادہ چینی ایکسپورٹ کرنے سے ہوا۔ شہریوں نے چینی کی بڑھتی قیمتوں پر شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ گزشتہ آٹھ ماہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں تقریباًسو فیصد اضافہ ہو چکا ہے اور قیمت 91 روپے سے بڑھ کر 170 روپے تک پہنچ چکی ہے۔