ٹیم مینجمنٹ کے سر پر لٹکتی تلوار ہٹ گئی، چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کا فیصلہ

08-12-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے سر پر لٹکتی تلوار ہٹ گئی جب کہ میگا ایونٹس کے پیش نظر پی سی بی نے کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کا مشورہ مان کر کسی چھیڑ چھاڑ سے گریز کیا۔

ذکا اشرف نے پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کی کمان سنبھالی تو امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ تبدیلیوں کی لہر چلے گی اور غیر ملکی کوچز بھی جگہ برقرار نہیں رکھ پائیں گے، البتہ بورڈ کے سربراہ نے عجلت میں کوئی فیصلہ کرنے کے بجائے معاملہ مصباح الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی ٹیکنیکل کمیٹی کے سپرد کردیا جس نے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ قومی ٹیم سری لنکا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرنے میں کامیاب ہوئی، بالآخر ایشیا کپ اور ورلڈکپ سمیت اہم ترین مصروفیات ہونے کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ میں کوئی چھیڑ چھیڑ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ذکا اشرف نے بھی گذشتہ دنوں اس کا عندیہ دے دیا تھا۔ غیر ملکی کوچز اور معاون سٹاف کے سر پر لٹکتی تلوار بالآخر ہٹ گئی، توقعات کے برعکس منیجر کو تبدیل کرنے کی بھی ضرورت محسوس نہیں ہوئی، البتہ ماہر نفسیات مقبول بابری کا تقرر کردیا گیا۔ پی سی بی نے گزشتہ روز افغانستان سے ون ڈے سیریز اور ایشیا کپ کیلیے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کیا، مکی آرتھر ڈائریکٹر، گرانٹ بریڈبرن ہیڈ کوچ، اینڈریو پیوٹک بیٹنگ کوچ اور مورنے مورکل بولنگ کوچ ہوں گے، آفتاب خان فیلڈنگ کوچ، عبدالرحمان اسسٹنٹ کوچ کے طور پرساتھ جائیں گے۔ ڈریکس سائمن کنڈیشننگ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، ڈاکٹر سہیل سلیم ٹیم ڈاکٹر، طلحٰہ اعجاز اینالسٹ، ریحان الحق منیجر، احسن افتخار میڈیا منیجر، لیفٹیننٹ کرنل(ر) عثمان انوری سکیورٹی منیجر کے فرائض سرانجام دیں گے،کھلاڑیوں کو ماہر نفسیات مقبول احمد بابری کی خدمات بھی میسر ہوں گی۔