چین میں مقابلہ سخت ہوگا، امید ہے پاکستان کا پرچم لہرائیں گے: ویٹ لفٹرعثمان راٹھور

08-12-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی ویٹ لفٹر عثمان امجد راٹھور نے کہا ہے کہ چین میں ہونے والی ایشین گیمز کیلئے بھرپور ٹریننگ کررہے ہیں، مقابلہ سخت ہوگا لیکن امید ہے کہ چین میں پاکستان کا پرچم لہراکرایرینا میں پاکستان کا ترانہ بجائیں گے۔

چین کے شہر ہینگزو میں ہونے والے ایشین گیمز کے مقابلوں میں 109 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے پرعزم ایتھلیٹ عثمان راٹھور نے کہا کہ ایشین گیمز بہت بڑا ایونٹ ہے جس کیلئے وہ کافی پرجوش بھی ہیں اورسخت ٹریننگ کررہے ہیں۔ قومی ویٹ لفٹر نے کہا کہ انہیں اس بات کا اندازہ ہے کہ ایشین گیمز میں مقابلہ آسان نہیں ہوگا، روسی، ایرانی اور چینی ایتھلیٹس کافی مضبوط ہیں اورسخت مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں میڈل جیتنے کیلئے کافی محنت کرنا ہوگی، وہ اپنی بھرپورکوشش کریں گے کہ پاکستان کو وکٹری سٹینڈ تک لائیں اور میڈل جیت سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کلب میں 9 مختلف ٹریننگ سیشن کررہے ہیں اور پری کمپیٹیشن ٹریننگ کے پلان کو فالو کرتے ہوئے ہدف کا 80 فیصد وزن اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ میں عام طور پر 80 سے 85 فیصد ہی ویٹ اٹھایا جاتا ہے تاکہ مقابلوں کے موقع پر جسم کو 100 فیصد کیلئے تیار رکھا جا سکے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن اور اولمپک ایسوسی ایشن کے علاوہ ویٹ لفٹرز کی سپورٹ کیلئے کوئی آگے نہیں آتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کارپوریٹ اداروں کو چاہیے کہ وہ ویٹ لفٹرز کی سپورٹ کریں کیونکہ ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ وہ دو کھیل ہیں جس نے پاکستان کیلئے سب سے زیادہ میڈلز جیتے ہیں۔ عثمان امجد راٹھور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اگر ویٹ لفٹرز کو سپورٹ ملے اور سپانسرز حاصل ہوں تو اور بھی بہتر نتائج دیے جاسکتے ہیں۔ گفتگو کے دوران عثمان راٹھور نے شکوہ بھی کیا کہ 2015 میں انڈیا کے شہر پونے میں کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے کے باوجود انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے سپورٹس پالیسی والی کوئی انعامی رقم نہیں دی گئی۔عثمان نے حکومت سے اپیل کی کہ انہیں سات سال قبل جیتے گئے میڈل کی پرائز منی جاری کی جائے۔ عثمان راٹھور حال ہی میں کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل گیمز میں 300 کلوگرام وزن اٹھا کر 109 کے جی کیٹیگری میں ویٹ لفٹنگ کا گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔