نگران وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس، یوم آزادی کی تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی
08-11-2023
(لاہور نیوز) یوم آزادی شایان شان اور قومی جذبے سے منایا جائے گا۔ شاندار تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
13 اگست کی رات 12 بجے آتش بازی کی جائے گی۔14 اگست کی صبح بیک وقت پورے پنجاب کے تمام ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔ 14 اگست کی شام عوام کے لئے خصوصی تقریبات میں ملی نغمے اور ترانے پیش کئے جائیں گے۔ نامور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ صوبہ بھر میں تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا۔ تمام شہروں کے نمایاں مقامات پر قومی پرچم آویزاں کئے جائیں گے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ مینار پاکستان اور دیگر مقامات پر آتش بازی کی جائے گی۔ حضوری باغ میں صبح 8 بجے پرچم کشائی کی تقریب ہو گی۔ ملتان گھنٹہ گھر میں پرچم کشائی، قلعہ میں آتش بازی اور میوزیکل نائٹ ہو گی۔ ملتان میٹرو کے روٹ پر چراغاں کیا جائے گا۔ یوم آزادی کے موقع پر شجر کاری بھی کی جائے گی۔ لاہور اور فیصل آباد کی نہروں میں جشن آزادی کی مناسبت سے چراغاں کیا جائے گا۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے پاکستان ہمارے اسلاف کی بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے۔ آزادی کے لئے مسلمانوں نے آگ و خون کے دریا عبور کئے۔ آزاد قومیں آزادی کا دن قومی جوش و خروش اور ولولے سے مناتی ہیں۔ پنجاب بھر میں یوم آزادی کو یادگار اور منفرد طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا جس میں یوم آزادی کی تقریبات منانے کے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزرا اظفر علی ناصر، منصور قادر،صوبائی مشیر وہاب ریاض، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سی سی پی او، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز انفارمیشن، ہائرایجوکیشن، سکولز، ٹورازم، سپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرز، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی جی پی آر، ڈی جی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت ہوئی۔ تمام کمشنرز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔