سانحہ 9 مئی کی تحقیقات، چیئرمین پی ٹی آئی کا موبائل فون فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا

08-11-2023

(لاہور نیوز) سانحہ 9 مئی کی تحقیقات میں اہم موڑ آ گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا موبائل فون فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا۔

لاہور پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو زمان پارک سے گرفتار کیا تو ان کا فون بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ انویسٹی گیشن پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کے موبائل فون کو فرانزک کیلئے بھجوا دیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کا حصہ تھے۔ عمران کشور سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاہور میں اندراج مقدمات کے حوالے سے موبائل فون میں موجود ڈیٹا پولیس کیلئے مددگار ثابت ہو گا۔ موبائل فون کی فرانزک رپورٹ آتے ہی جے آئی ٹی کو فراہم کر دی جائے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد اٹک جیل میں ہیں۔