بشریٰ بی بی کی ڈائری بنی گالا سیکرٹریٹ کا بلیک باکس ہے، فردوس عاشق اعوان
08-11-2023
(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ڈائری بنی گالا سیکرٹریٹ کا بلیک باکس ہے۔
اپنے ایک بیان میں رہنما استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بیوٹی باکس کے بجاٸے بلیک باکس نے اندر کی کہانی کھول دی ہے، ڈائری میں ان کے اپنے ہاتھ سے لکھی ہدایات نے ہمارے دعووں کو سچ ثابت کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی ہدایات پر بنی گالا کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو چلایا گیا، اسی ”ناچ نجانے آنگن ٹیڑھا“ کا نتیجہ پوری قوم بھگت رہی ہے، ہر کامیاب مرد کے پیچھے دعا گو ماں اور وفادار بیوی کی صورت میں عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، چیئرمین پی ٹی آٸی کی ناکامی کے پیچھے اس کی مرشد بشریٰ بی بی کا ہاتھ ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈائری والی سرکار نے پی ٹی آٸی سرکار کا خوب تختہ الٹایا ہے، ڈائری میں بورڈنگ سکول کے وارڈن کی طرح سابق وزیر اعظم کیلئے ہدایات درج ہیں، بشریٰ بی بی کی ڈائری امام دین کی شاعری ثابت ہوٸی ہے، وہ اخلاق کی تباہی کا باعث اور یہ ملکی سیاست کی تباہی کا باعث بنی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ڈائری کے منظر عام پر آنے سے بشریٰ بی بی کے نام نہاد پیر بننے کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا ہے، پیر تو امن و محبت، فلاح اور نیکی کا رستہ دکھاتا ہے، بنی گالا کی خاتون پیر ملک کا امن وامان تباہ کرنے اور انتشار کا سبق سکھا رہی ہیں، یہ ڈائری ان کے شدت پسند رویے اور سخت گیر ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔ رہنما آئی پی پی نے مزید کہا کہ افسوس اس بات کا ہے ملک کا سربراہ پورے دور حکومت میں اس سوچ کے زیر اثر رہا ہے، توہم پرستی نے اس ملک کو 4 سال یرغمال بناٸے رکھا، کبھی جنتری کبھی زائچے اور کبھی ڈائری پی ٹی آٸی سیاست کا کل خلاصہ ہے۔