مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ، سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد سے متجاوز

08-11-2023

(لاہور نیوز) ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.69 فیصد کا مزید اضافہ ہو گیا جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 30.82 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے پسی ہوئی مرچ کا 200 گرام کا پیکٹ 13 روپے مہنگا ہوا، 390 گرام پیکڈ دودھ 28 روپے مہنگا ہوا، دال ماش 15 روپے، دال مونگ 3 روپے اور دال مسور 2 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، لہسن کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا، چینی فی کلو 3 روپے، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران فی درجن انڈے 5 روپے مہنگے ہوئے، گزشتہ ہفتے میں پیاز، آلو، ٹماٹر اور کیلے بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں جبکہ کھلا دودھ، گڑ، چھوٹا اور بڑا گوشت بھی مہنگا ہوا۔  ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ویجٹیبل گھی کی قیمت میں 9 روپے کی کمی ہوئی ، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 38 روپے سستا ہوا، برانڈڈ گھی اور سرسوں کا تیل بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے۔