مایوسی گناہ، ملک آگے جائے گا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے: محسن نقوی

08-11-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ مایوسی گناہ ہے، سب مل کر کوشش کریں تو ملک آگے جائے گا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

لاہور کے نجی ہوٹل میں میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز میں انعقامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، محسن نقوی نے بچوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور امتحانات میں نمایاں پوزیشنز لینے پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات پاکستان کا مستقبل ہیں، ہماری حکومت کا دور تھوڑے عرصے کا تھا مگر کچھ وجوہات کی بنا پر ہماری حکومت کا وقت بڑھ گیا، ہم نے 4 ماہ قبل کپاس لگانے کا فیصلہ کیا اور ہم 5 ملین ٹن کے قریب کپاس لگانے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ 3 بلین ڈالر کی کپاس جو ہم نے باہر سے منگوانی تھی وہ ہم پنجاب سے کاشت کریں گے، ازبکستان ہم سے بیج لے کر گیا اور آج وہ ہمارے بیج سے 3 گنا زیادہ کاشت کررہا ہے، تھوڑی سی کوشش سے بڑی بڑی چیزیں ہوجاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں ہر بندے کا کسی نہ کسی طریقے سے واسطہ پڑتا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کی حالت خراب ہوگئی ہے، کوئی عام آدمی ہسپتال میں جا نہیں سکتا، جو جاتے ہیں وہ مجبوری میں جاتے ہیں، ہسپتالوں کی اس حالت کے نہ ڈاکٹرز ذمہ دار ہیں نہ عملہ ،حکومت نے ہی مریضوں کو سہولیات فراہم کرنی ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کوشش ہے ہمارے پاس جو چند ہفتوں کا وقت ہے اس میں ہسپتالوں کی صورتحال ٹھیک کرجائیں، اللہ نے مدد کی تو ہسپتالوں کی صورتحال پر ضرور اثر ہوگا، ہم سب گھروں میں بات چیت کرتے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل کیا ہے، اتنا کہنا چاہوں گا کہ مایوسی گنا ہے۔ محسن نقوی نے کہا ہم سب کا فرض ہے کہ ملک کی بہتری میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں، سرکاری ملازمین، ڈاکٹر اپنے ڈیوٹی کے گھنٹے پورے کرلیں، دیانتداری سے کام کرلیں تو بہت سی چیزیں بہتر ہو جائیں گی، میں نے 6 ماہ میں اندازہ لگایا ہے اس ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔  وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اس ملک کی منرلز اور زراعت سے ہم کہاں سے کہاں جاسکتے ہیں، افسوس کہ ہم نے زراعت پر توجہ نہیں دی، اب ہم کوشش کررہے ہیں زراعت پر توجہ دیں، مایوس نہیں ہونا مثبت سوچنا ہے، یہ ملک آگے نکل جائے گا، اس ملک نے آگے جانا ہی جانا ہے،اس ملک کا مستقبل روشن ہے۔