وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ڈینگی کے سدباب کیلئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

08-11-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈینگی کے سدباب کے لیے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں ڈینگی کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور، راولپنڈی اورملتان سمیت تمام شہروں میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کے سد باب کے لئے پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر ڈینگی کے سدباب کے لئے اقدامات یقینی بنائے جائیں، پنجاب بھر میں لاروا سرویلنس کی کوالٹی کو بہتر بنایا جائے، ہسپتالوں میں ڈینگی کے علاج کے لئے تربیت یافتہ ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر متحرک ہو کر فیلڈ میں مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں پوری کریں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ڈینگی کنٹرول مہم کے ذمہ دار ہوں گے، ڈینگی کنٹرول مہم میں کوتاہی کی گنجائش بالکل نہیں۔ اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، جمال ناصر، منصور قادر، اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری،سیکرٹریز، طبی ماہرین اور دیگر حکام شریک تھے جبکہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور طبی ماہرین ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔