وزیراعظم کا کورونا سے شہید ڈاکٹرز اور طبی عملے کو تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ

08-11-2023

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے شہید ڈاکٹرز اور طبی عملے کو تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے ملک بھر کے ڈاکٹرز اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی کورونا وباء کے دوران خدمات کا اعتراف اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے ان بیٹوں اوربیٹیوں نے ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے اس جان لیوا وباء سے جامِ شہادت نوش کیا، پوری قوم ان فرض شناس ڈاکٹرز اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرزکی مقروض رہے گی۔ ان ڈاکٹرز اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے اہلِ خانہ قوم کا فخر ہیں۔ خیال رہے کہ پنجاب سے 81، سندھ سے 87، خیبر پختونخوا سے 23، بلوچستان سے 8 ڈاکٹروں کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا، آزاد کشمیر سے 4، گلگت اور اسلام آباد سے ایک ایک ڈاکٹر کو تمغہ امتیاز (بعد ازمرگ) دیا جائے گا۔ پاکستان بھر سے 59 نرسوں اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو بھی تمغہ امتیاز (بعد ازمرگ) سے نوازا جائے گا۔