قربان لائنز ٹریفک ہیڈکوارٹرز میں جشن آزادی کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

08-10-2023

(لاہور نیوز) آزادی کا جشن نظم وضبط کے ساتھ منایا جائے تو اس کا مزہ بھی دوبالا ہو گا اور ایک باشعور قوم کی تصویر بھی سامنے آئے گی ۔ یہی پیغام دیتے ہوئے ٹریفک پولیس نے قربان لائنز میں بچوں کے ساتھ تقریب کا اہتمام کیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ کی تقریب میں خصوصی شرکت ہوئی۔ تقریب میں سکولوں کے بچے بھی شریک ہوئے۔ بچوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی گئی۔ بچوں نے پوسٹرز اٹھا کر پیغام دیا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے جشن آزادی منائیں گے۔ سب کو نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ نے کہا کہ یوم آزادی شاندار انداز میں منائیں گے لیکن لوگوں کی آزادی اور جان و مال کا بھی خیال رکھنا ہو گا۔ 14اگست پر ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔ ٹریفک پولیس نے طلبہ کو پیغام دیا کہ کم عمر افراد ڈرائیونگ نہ کریں۔ بچے اپنے بڑوں کو بھی جشن آزادی پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروائیں۔