تزئین و آرائش کے بعد مغل طرز تعمیر کی عکاس، میاں میر لائبریری لشکارے مارنے لگی

08-10-2023

(لاہور نیوز) تاریخ کے ایک اور شاندار نقش کو دوام مل گیا۔ تزئین و آرائش کے بعد مغل طرز تعمیر کی عکاس، میاں میر لائبریری لشکارے مارنے لگی۔

مشہور صوفی بزرگ حضرت میاں میر 1635 میں وفات پا گئے تو اُنہیں لاہور میں دفن کیا گیا۔ اُن کا مزار اُس وقت کے مغل شہنشاہ اورنگ زیب عالمگیر کی نگرانی میں تیار کرایا گیا۔ آنے والے وقتوں کے دوران یہاں ایک لائبریری بھی قائم کی گئی۔ وقت کے ساتھ لائبریری کی عمارت کافی مخدوش ہو چکی تھی لیکن اب اِس کے لشکارے پھر سے آنکھوں کو خیرہ کرنے لگے ہیں۔ مغل طرز تعمیر کی عکاسی کرتی ہوئی میاں میر لائبریری کی حالت میں یہ تبدیلی اِس کی نئے سرے سے تزئین و آرئش کے بعد آئی ہے۔ عمارت میں موجود فریسکو ورک کو بھی نئے سرے سے بحال کیا گیا ہے اور یہی مرحلہ سب سے مشکل رہا کہ مغل دور میں تعمیر کی گئی عمارات میں دکھائی دینے والا فریسکو ورک انتہائی مشکل آرٹ گردانا جاتا ہے۔ عمارت کی تزئین وآرائش سے اِسے مزید طویل عرصے کے لئے محفوظ بنا دیا گیا ہے۔