لاہور نے جرائم کی شرح میں کراچی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

08-10-2023

(لاہور نیوز) لاہور نے جرائم کی شرح میں کراچی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ شہر میں 24 گھنٹے کے دوران 477 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

شاپ رابری کی 10 ، ہاؤس رابری ، کار چوری اور نقب زنی کی دو، دو وارداتیں ہوئیں۔ موٹر سائیکل چوری کی 91 اور سرقہ کی 370 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ گرین ٹاؤن میں چور عمر فاروق کے گھر سے 29 لاکھ 50 ہزار روپے ، زیورات اور گھڑیاں لے اڑے۔ چوہنگ میں راشد سلیم کی ورکشاپ سے 20 لاکھ روپے مالیت کی موٹریں اور اوزار چوری، باٹا پور میں نواز کے گھر میں 85 ہزار روپے کی ڈکیتی ہوئی۔ اس کے علاوہ نشتر کالونی میں ڈاکو شہزاد غوری کے گھر سے 10 لاکھ 55 ہزار روپے ، زیورات اور موبائل فون لوٹ کر فرار، ڈیفنس اے میں چار ڈاکو ریسٹورنٹ میں گھس کر 8 لاکھ 50 ہزار روپے اور عملے سے موبائل فونز لوٹ کر لے گئے۔ غازی آباد میں ڈاکو رمضان کے کلینک سے گن پوائنٹ پر 50 ہزار روپے چھین کر لے گئے۔ جنوبی چھاؤنی میں ڈاکو اویس کی دکان سے ایک لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ مزنگ میں ڈاکوؤں نے خالد کی دکان سے 80 ہزار روپے لوٹ لئے۔ ساندہ میں ڈاکو دکاندار عارف  سے ایک لاکھ روپے اور دیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔ کاہنہ میں ڈاکوؤں نے منیر سے اڑھائی لاکھ روپے چھین لئے۔ اچھرہ میں حیدر علی کی پیزا شاپ میں 50 ہزار روپے کی ڈکیتی ہوئی۔ سول لائنز کے علاقے سے سید علی عمران اور شفیق آباد میں عبدالعزیز کی کار چوری ہو گئی۔ مصطفیٰ ٹاؤن میں تین ڈاکو سپر سٹور سے لاکھوں روپے اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے ۔ کوٹ لکھپت کچا جیل روڈ پر فارمیسی میں ساڑھے تین لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی۔  دونوں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔