پی ٹی آئی حکومت میں اچھے افسران کو بے جا تنقید کا نشانہ بنایا گیا: وزیر اعظم

08-10-2023

(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت میں اچھے افسران کو بے جا تنقید کا نشانہ بنایا گیا، یہ ملک کی بڑی بدقسمتی ہے، کہا جا رہا تھا کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، اگر ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو ملک کے بڑے خراب حالات ہوتے۔

وفاقی سیکرٹریز سے الوداعی ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت کو اچھے تعاون کے ساتھ چلایا گیا، مخلوط حکومت میں چاروں صوبوں کی نمائندگی تھی، سولہ ماہ کا عرصہ چیلنجز سے بھرپور تھا، عوام کی خدمت کی پختہ سوچ ہو تو اتحادی حکومت بھی چل سکتی ہے، افسران نے سولہ ماہ بڑی محنت سے کام کیا، آپ نے ہر مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا مشکل سے مشکل مسائل کے حل کے راستے تلاش کیے، جنہوں نے کمٹمنٹ سے کام کیا بدقسمتی سے وہی نشانہ بنے، ہماری ایک سوچ تھی کہ ہم نے عوام کیلئے کچھ کرنا ہے، بے جا تنقید کر کے پبلک سروس کو بڑا ڈینٹ لگایا گیا، گوادر میں گزشتہ چار سال سے بند پڑے منصوبے چل پڑے، منصوبے اس لیے بند رہے کہ فلاں حکومت کو کریڈٹ جائے گا، یہ وہ واقعات ہیں جس کی وجہ سے آج یہ حالات ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کا ہونا ایک بڑی کامیابی ہے، افسران نے سیلاب کے دوران بہترین کام کیا، خارجی محاذ پر بھی بڑی ایفرٹ ہوئی، خارجی تعلقات کو بگاڑنے میں ہمارے اپنوں نے بڑا رول ادا کیا، بے بنیاد الزامات دوست ممالک پر لگائے گئے، مجھ پر چین سے 45 فیصد کمیشن لینے کا الزام لگایا گیا، سی پیک کیخلاف پراپیگنڈا کیا گیا۔