محسن نقوی کا تھانہ گلبرگ اور لبرٹی کا دورہ، سائلین کی درخواستوں کا جائزہ

08-10-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانہ گلبرگ اور لبرٹی کا دورہ کیا اور فرنٹ ڈیسک پر سائلین کی درخواستوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر درخواستیں دینے والے شہریوں سے بات چیت کی اور درخواستوں پر مزید کارروائی کو مقررہ مدت کے اندر یقینی بنانے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بعض درخواستوں پر کارروائی نہ کئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سائلین کو ایف آئی آر کے اندراج کا میسج ملنے کے ساتھ ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے، ای میل کے ساتھ ایف آئی آر بھی بھجوائی جائے تاکہ درخواست گزار کو بار بار تھانے کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ اس موقع پر تھانے آنے والے جوڑے نے قذافی سٹیڈیم میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے رشوت لینے کی شکایت کی جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو رشوت لینے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی، محسن نقوی نے روزنامچہ، مال خانے، انویسٹی گیشن ونگ اور گلبرگ ٹریفک سیکٹر کا بھی معائنہ کیا۔  وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اینٹی کار لفٹنگ سیل کا وزٹ کیا اور حوالات میں موجود ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے پوچھا،انہوں نے مال خانے کی ابتر حالت پر ناراضگی کا اظہار کیا اور تھانے کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے جاری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔  وزیراعلیٰ پنجاب نے فرنٹ ڈیسک پر آٹومیٹڈ ٹوکن مشین کا بھی معائنہ کیا اور خود فون نمبر درج کر کے ٹوکن نمبر لیا۔