مغلپورہ: 17 سالہ لڑکی سے تین افراد کی اجتماعی زیادتی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

08-10-2023

(لاہور نیوز) تھانہ مغلپورہ کی حدود میں 17سالہ علشبا کو تین افراد نے اغواء کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے اغواء اور زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دئیے۔

تفصیلات کے مطابق مغلپور ہ میں 17 سالہ لڑکی کو تین ملزمان نے اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزمان نے لڑکی علشبا اور اس کی  والدہ کو کام کا جھانسہ دے کر مغلپورہ بلایا، ملزم سنی، اویس ڈوگراور عرفان لڑکی کو زبردستی اغوا کر کے قریبی حویلی میں لے گئے اور اجتماعی زیادتی کر ڈالی۔ پولیس نے اغوا ء اور زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔ زیادتی کا شکار لڑکی اور اس کے گھر والے خوف کا شکار ہیں، متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ملزمان قانونی کارروائی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ایس پی سول لائن حسن بھٹی کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، گرفتاری  جلد عمل میں آجائے گی،   ایس ایچ او مغلپورہ نے بتایا ہے کہ جس پک اپ میں بچی کو اغو اء کیا گیا وہ بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے اندراج مقدمات کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے  دی ہیں۔