کرکٹ ورلڈ کپ کے نئے شیڈول کے بعد ٹکٹوں کی فروخت کیلئے تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

08-09-2023

(لاہور نیوز) کرکٹ کے شائقین کا انتظار ختم ہو گیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آخرکار ٹکٹوں کی فروخت کیلئے تاریخوں کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی نے رواں برس بھارت میں ہونیوالے کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے مقابلوں کی ری شیڈولنگ کے بعد اعلان کیا کہ 5 اکتوبر سے ہونیوالے ورلڈ کپ کی ٹکٹیں ایونٹ کے آغاز سے صرف 40 روز قبل 25 اگست سے فروخت کیلئے دستیاب ہوں گی۔ آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ میچز کی ٹکٹیں مرحلہ وار فروخت کی جائیں گی، 25 اگست سے پہلے مرحلے میں ان میچز کی ٹکٹیں فروخت کیلئے دستیاب ہوں گی جن میں بھارت کی ٹیم شریک نہیں ہے۔بھارت کے میچز کی ٹکٹیں شہروں کے حساب سے 30 اگست سے 3 ستمبر تک فروخت کیلئے پیش ہوں گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان احمد آباد میں 14 اکتوبر کو شیڈولڈ میچ کی ٹکٹیں 3 ستمبر سے فروخت ہوں گی تاہم 15 اگست سے شائقین ٹکٹوں کی خریداری کیلئے ویب سائٹ پر اپنی دلچسپی ظاہر کر پائیں گے۔ کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ ٹکٹیں اگر ورلڈ کپ سے صرف 40 روز قبل ہی فروخت کیلئے دستیاب ہوں گی تو وقت کی تنگی کی وجہ سے ایونٹ کیلئے بھارت سفر کرنے کے خواہشمند شائقین کیلئے سفری انتظامات کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ ماضی میں ہونیوالے آئی سی سی ایونٹس میں ٹکٹوں کی فروخت کئی مہینوں پہلے شروع کی جاتی رہی ہے۔