ٹھیکوں میں مالی بے ضابطگیاں، ایکسین میاں مدثر جناح اور سب انجینئر رائے اورنگزیب برطرف

08-09-2023

(لاہور نیوز) لاہور ڈویژن کے ٹھیکوں میں مالی بے ضابطگیاں اور خورد برد کے معاملے پر محکمہ بلدیات نے انکوائری میں قصور وار پانے پر ایکسین میاں مدثر جناح اور سب انجینئر رائے اورنگزیب کو برطرف کر دیا۔

سیکرٹری بلدیات  پنجاب نے لاہور ڈویژن کے ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں پر کیس کا فیصلہ سنایا۔ دونوں افسران ترقیاتی منصوبے میں مالی بے ضابطگی اور ٹینڈرنگ پراسس میں دھاندلی کے مرتکب پائے گئے۔ سابق ایکسین لاہور سے کرپشن کی مد میں ایک کروڑ روپے کی ریکوری بھی کی جائے گی۔ سابق ایکسین نے حسن ٹریڈرز کے ساتھ مل کر ٹینڈرنگ پراسیس میں خورد برد کی۔ جعلی اور بوگس واؤچرز کی بناء پر 75 لاکھ سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں۔ ٹینڈرنگ پراسیس میں حصہ نا لینے والی کمپنی کو چیک جاری کئے گئے۔ اینٹی کرپشن نے مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن کے الزام پر محکمانہ انکوائری شروع کی تھی۔ سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا ہے کہ بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔