محسن نقوی سے کینڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال

08-09-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی اسکینلن نے ملاقات کی جس میں زراعت، ماحولیات، صحت اورخواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 کینیڈین ہائی کمشنر نے ماحولیات خصوصاً سموگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کروائی اور انسداد پولیو کے لئے مؤثر اقدامات پر پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سموگ سے نمٹنے اور زراعت خصوصاً آئل سیڈز ڈویلپمنٹ کے لئے کینیڈا کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں ماحولیات کی بہتری کے لئے 5 ہزار ایکڑ رقبے پر بوٹینیکل گارڈن کا منصوبہ بنایا ہے، پوری کوشش ہے کہ سموگ سے نمٹا جائے اور ہم اپنے بچوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں، کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، رواں برس کاٹن کی بہترین کاشت سے 3 ارب ڈالر کی بچت کی ہے- اس موقع پر بات کرتے ہوئے کینیڈین ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔