اٹلی کے معروف اداکار مجھے میسجز کرتے ہیں: میرا کا دعویٰ

08-09-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کی مایہ ناز اداکارہ میرا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں معروف اطالوی اداکار مکیلے مورونے پیغامات بھیجتے ہیں۔

میرا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، دوران شو جب میزبان نے اس حوالے سے سوال کیا تو میرا نے تصدیق کی اور بتایا کہ مکیلے مورونے انہیں کیا میسجز کرتے ہیں۔ میرا نے کہا 'ہاں مکیلے مورونے مجھے کام کے لیے میسج کرتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ آئیں مل کر کام کرتے ہیں'۔ جب تابش نے سوال کیا کہ مکیلے کی اس آفر کا میرا نے کیا جواب دیا تو اداکارہ نے بتایا کہ 'میں نے ان سے کہا میں ایک پراجیکٹ پر کام کررہی ہوں، وہ مکمل ہوجائے تو پھر ہم پروفیشنلی ساتھ کام کریں گے'۔ اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'مستقبل میں آپ مجھے مکیلے مورونے کے ساتھ کام کرتا دیکھ سکتے ہیں'۔ میرا کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر خاصہ وائرل ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں، کچھ صارفین نے تو میرا کا یہ دعویٰ ماننے سے ہی انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ اسی شو میں میرا یہ بھی انکشاف کرچکی ہیں کہ وہ بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کی آفر ٹھکرا چکی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ  بالی وڈ کی فلم ’جب تک ہے جان‘ میں انہیں کام کی پیشکش ہوئی تھی۔