اٹک جیل کے عملے سے ہاتھا پائی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کیخلاف مقدمہ درج

08-09-2023

(ویب ڈیسک) اٹک جیل کے عملے سے ہاتھا پائی کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے 2 وکلاء کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ تھانہ سٹی اٹک میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ افضال احمد وڑائچ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق عمران خان کے وکلاء شیر افضل خان اور عمیر خان نیازی نے جیل عملے سے جھگڑے کے دوران ہیڈ وارنٹ ابرار خان کی یونیفارم بھی پھاڑ ڈالی، دونوں وکلاء جیل لاک اپ ہونے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ جیل پکٹ پر جیل لاک اپ ہونے کا وکلاء کو بتایا گیا، وکلاء مشتعل ہوئے اور جیل عملے سے ہاتھا پائی شروع کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کیخلاف ایف آئی آر میں سنگین دھمکیوں سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔