امریکی شہریت کے باوجود پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی: زویا ناصر

08-09-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز و ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ زویا ناصر نے کہا کہ انہوں نے امریکی شہریت ہونے کے باوجود پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی۔

حال ہی میں اداکارہ نے ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے امریکا میں گزاری زندگی اور اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ زویا ناصر کا کہنا تھا کہ جب میں پاکستان سے امریکا منتقل ہوئی تو مجھے ایک بڑا ثقافتی جھٹکا لگا جب میں نے وہاں پر رہنے والے پاکستانیوں کو چھوٹی چھوٹی تقاریب میں بھی شادی جیسے میک اوور کے ساتھ شرکت کرتے دیکھا۔ اداکارہ نے بتایا کہ میں دراصل کاسمیٹولوجی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکا گئی تھی اور وہاں پر تعلیم مکمل ہونے کے بعد اپنا لائسنس حاصل کرنے کے لیے بہت کوششیں کیں، پاکستان واپس آنے پر میں یہ جان کر حیران رہ  گئی کہ یہاں کوئی بھی لائسنس یا رسمی ڈگری کے بغیر بیوٹی سیلون کھول سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے ملک سے گہرا لگاؤ ​​رکھتی ہوں اور یہاں سکون محسوس کرتی ہوں، میرےخیال سے پاکستانیوں کا اپنی ثقافتی جڑوں سے مضبوط تعلق ہے جس کی وجہ سے میں یہاں خود کو زیادہ پُرسکون محسوس  کرتی ہوں۔