ایف آئی اے: سنگین جرائم میں مطلوب 3 ملزم ابوظہبی سے گرفتار

08-09-2023

(ویب ڈیسک) ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نے ایک کارروائی میں سنگین جرائم میں مطلوب 3 ملزمان کو ابوظہبی سے گرفتار کرلیا۔

اشتہاری ملزمان کو ابوظہبی سے گرفتار کرکے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے، جن میں قمرعباس، مہتاب خان اور دوست علی شامل ہیں۔ ملزم قمرعباس گجرات پولیس، ملزم مہتاب خان اور دوست علی بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان پولیس کو مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمات درج تھے۔  ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹسسز جاری کیے تھے۔  بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لیے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔