چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں اے کلاس کی درخواست غیر قانونی ہے: فیاض چوہان

08-09-2023

(ویب ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل میں اے کلاس کی ڈیمانڈ غیر قانونی اور غیر منطقی ہے۔

ایک بیان میں سابق وزیر فیاض چوہان نے کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں جیلوں میں اے کلاس ختم کردی گئی تھی، پی ٹی آئی حکومت نے جیل قوانین تبدیل کرکے خود اے کلاس ختم کردی تھی۔ پنجاب جیل رولز کے مطابق اب عام کلاس اور بی کلاس ہوتی ہے، بی کلاس میں ٹی وی، بیڈ، ٹیبل، کرسی اور اخبار کی سہولت ہے۔ خیال رہے کہ 5 اگست کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے سابق وزیراعظم کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا تھا۔